نئی دہلی؍بنگلورو:21؍ جنوری (ایس اؤ نیوز) ملک بھر میں کوروناوائرس کی تیسری لہر کا اثر اگلے دو مہینوں میں کم ہوگا۔ مارچ 11تک کورونا اور اومیکرون کا ہنگامہ ختم ہونے کی آئی سی ایم آر کےسائنس دانوں نے جانکاری دی ہے۔
ملک کی ریاستوں کے اعداد و شمارات پر غورکریں تو مجموعی طورپر یومیہ معاملات کی تعداد میں کوئی خاص اضافہ نہیں ہوگا۔ مارچ کے وسط میں کورونا اور اومیکرون دونوں ختم ہونے کا سائنس دانوں نے خیال ظاہر کیا ہے۔ اسی دوران گذشتہ 24گھنٹوں میں 3،17،532نئے معاملات درج ہوئےہیں۔
انگلینڈ میں پابندیاں ختم :بہت زیادہ تعداد میں کورونا وائرس اور اومیکرون کا سیلاب انگلینڈ میں دیکھا گیا تھا مگر وہاں فی الوقت حالات کنٹرول میں ہیں۔ کورونا اور اومیکرون دونوں کی تعداد میں کافی کمی آئی ہے۔ اس پس منظر میں انگلینڈ میں لگائی گئی سخت پابندیوں کو مکمل طورپر ختم کرنے کا وزیر اعظم بورس جانسن نے فیصلہ لیا ہے۔ اس تعلق سے وزیراعظم بورس جانسن کے پارلیمنٹ میں کئے گئے خطاب کی وڈیو سوشیل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں اس بات کا بھی اعلان کیا ہے کہ کھلے عام ماسک پہننے کی لازمی شرط واپس لی جائےگی اور سماجی فاصلہ اور عوامی جگہوں پر داخلہ جیسی پابندیوں کو بھی ختم کیاجارہاہے۔